چندی گڑھ:9/جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چندی گڑھ میں ایک بس اسٹینڈ کے قریب تصادم کے بعد آج ایک بدنام زمانہ گینگسٹر کو دبوچ لیا گیا۔ اس پر قتل اور پنجابی گلوکاروں اور اداکاروں سے جبری وصولی کے لئے دھمکانے کا الزام ہے۔پنجاب پولیس کی خفیہ یونٹ اور جالندھر دیہی پولیس کے اہلکاروں نے یہاں سیکٹر 43 سے گینگسٹر دل پریت سنگھ کو گرفتار کیا۔حکام نے بتایا کہ پولیس ٹیم کی جوابی فائرنگ میں دل جیت سنگھ عرف بابا کی ران میں گولی لگی۔ اس کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بابا اے کٹیگری کا گینگسٹر ہے اور پنجابی گلوکار پرمش ورما پر اسی سال حملہ کرنے کا ملزم ہے۔ گلوکار اور اس کے دوست پر موہالی میں اس سال اپریل میں تقریبا پانچ نامعلوم کار سوار حملہ آوروں نے گولی چلا دی تھی اور بعد میں بابا نے فیس بک پر پوسٹ ڈال کر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ٹیم نے ایک پستول اور گاڑی کو ضبط کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گینگسٹر ’’بابا‘‘ پنجاب کا مطلوبہ مجرم ہے اور اس پر پنجاب، ہریانہ، مہاراشٹر اور مرکز کے زیر انتظام علاقے چندی گڑھ سمیت کئی ریاستوں میں قتل کے تین اور اقدام قتل کے نو مقدمات سمیت 30 سے زیادہ مجرمانہ معاملات درج ہیں ۔